رُخصتِ طلب

IMG_1701

اوڑھ لِیا ہے تم کو اِک

چادر میں لِپٹے کفن کی

طرح اپنے تَن پہ کیونکہ اب

تم آس پاس دِکھائی تو دیتے نہیں

بس اِک یاد کی مانند دفن ہو میری

…مَیّت کے ساتھ

کُچھ سُہانے پَل کئی بِسری

مُسکراہٹیں رکھ لی ہیں میں نے

کُچھ رَنج کے آنسُو اور مُرجھاۓ

شِکوے تُمہارے نام کرتی ہُوں اِس

…اَذِیّت کے ساتھ

کبھی ٹکرا جاؤ غلطی سے تو

گُزر جانا کہ جیسے پہچانا نہیں

یا بے رُخی سے دیکھ لینا جیسے

کبھی جانا نہیں کیونکہ اب بس

اُس اُمید کو جلا دیا ہے اپنی

…شخصیّت کے ساتھ

نہ تھی بے وفا قسمت نہ ہی

وفادار چاہت نِکلی پھر وہ کیا

شے تھی جس کے رنگ میں بِکھر

گیا اُس کا اپنا رنگ اور بے رنگ

ہُوئی میری آشنائی اُس

…مِلاوٹ کے ساتھ

کچّے تھے مراسِم اور سیاہ

وصل کے دھُوپ چھاؤں کہ

ٹنگے رہے ضمیر کے ڈھیر تلے

نُورانی جسم اور اب تھک گیا

ہے بُت اِس سفر کی سُنسان سڑکوں

کی خاک چھانتے کہ اب رُوح کرتی

ہے رُخصت مُسافر کو سفر سے

…اِجازت کے ساتھ

انجام

IMG_1680

ویسے تو جی رہی تھی

خوابوں کی نقلی دُنیا میں

پہلے سے ہی کہ اب پھر

لگتا ہے کہ اُسی مقام پہ

…لَوٹ آئی ہے زندگی میری

تھے چند لمحے جس سراب

کی کہانی لکھنے میں مشغُول

کہ لگتا ہے اب اُس کردار

کے انجام سے وابستہ ہے

…بقیہ زندگی میری

کُچھ لفظ تھے دُشمن میرے

کہِیں اَنا نے گھیر لیا اُس

دل کو، شکست کھائی میں نے

مگر اب لگتا ہے اِس عادَت میں

…گُزر جاۓ گی زندگی میری

عِشق

IMG_1699

عِشق کا ٹِھکانہ نہیں

تبھی اِس کی زمین ہے

عِشق کے پاؤں نہیں

تبھی اِس کی اُڑان ہے

عِشق کے اصُول نہیں

تبھی اِس کی پِہچان ہے

عِشق میں پستی نہیں

تبھی اِس میں اُٹھان ہے

عِشق میں قید نہیں

تبھی اِس کی شان ہے

عِشق میں کہانی نہیں

تبھی اِس میں داستان ہے

 

قِصّۂِ دل

IMG_1695

چوٹ کھا کر بھی یہ

..بے درد زخمی نہیں ہوتا

بِکھر جاتا ہے پاگل

..کِرچے کِرچے نہیں ہوتا

ذات کر دیتا ہے فنا

..ریزہ ریزہ نہیں ہوتا

عزّت داغدار ہو اگر

..ظالم رُسوا نہیں ہوتا

کرے گھائل دُنیا اگر تو

..پاش پاش نہیں ہوتا

سہے ہِجر کے تِیر مگر

..اِسے محسوس نہیں ہوتا

دَلدل

IMG_1694

مِٹّی کے ڈھیر تلے دبی جاتی ہُوں

درد کی پَستی تلے دھنسی جاتی ہُوں

پراۓ غم ہوں یا زخمِ آشنائی

مایوس سمندر تلے ڈُوبی جاتی ہُوں

سہا جاۓ نہ وہ زہر جس کے اثر سے

موت کے پردے تلے اُتری جاتی ہُوں

خوف کے ساۓ نے جکڑا ہے کلیجے کو

نا قدری کے کفن تلے چھُپی جاتی ہُوں

بزمِ شمعٰ اب راکھ کا ڈھیر ہے فقَط

سسکتی موم تلے جمی جاتی ہُوں

اَنا

IMG_1693

قدر نہیں جہاں میں جس کو ہمدرد و پیارکی

تنہا ہی رِہ جاۓ گا اَنا کے لحاف میں لپٹ کر

کرے نا انصافی سمجھ کر اِنصاف ستم گر

گُناہ گارہی مَر جاۓ گا اَنا کے ریشم میں سِمٹ کر

بیدار کیوں کرتے ہو مُردوں کو اے زِیست پسندو

دَبتا ہی رِہ جاۓ گا اَنا کے کفن میں لپٹ کر

ہر دل عزیز ہے تکبّرِ عروج کا میرے رقیب کو

ہاتھ مَلتا ہی رِہ جاۓ گا اَنا کے رنگ میں سِمٹ کر

رِہائی

IMG_1690

….آج آزاد ہے دل

اُن جھُوٹے دِلاسوں سے

جہاں پُہنچ کر کِیۓ تھے

..کبھی روشن زمانے میں نے

….آج آزاد ہے جاں

اُس قید سے جہاں لگا

تھا کبھی کہ بیڑیوں سے

..سنورتا ہے حُسن اور بھی

….آج آزاد ہے رُوح

مِٹّی تلے اُس ڈھیر سے

جس کی دِیواروں میں ڈھُونڈا

…تھا کبھی اپنا آشیانہ

….آج آزاد ہے شمعٰ

اُن آنسوؤں سے جن کو

پیِتے ہی فنا ہُوا کرتی تھی

…چاہت پروانے کی کبھی

ضَرب

IMG_1668

عشق اِنتہاۓ سرکشی کااُجڑا مزار ہے

نہ ڈَر ہے نہ خوف اِس کی تقدیر کا حِصّہ

ہجر و فُرقت میں بھی دیتا ہے سرُور بہت

وفاۓ بندگی ہے اِس ادھوری تحریرکا قِصّہ

پتنگِ جاں میں اَٹکی ہُوئی سانسیں ہیں

لہُو کی بِساط پہ ہے پھینکا ہُوا ایک پتّا

نظر سے رُوح چھُوۓ تو گُناہِ کبیرہ کیوں

جبر کی غُلامی پہ جھُکتا ہُوا حُکم کا اِکّا

ناشاد کرے اِحساسِ بے رُخی کی ادا اُسے

سمجھ سکو تو احترام ورنہ تو کھوٹا سِکّہ

بے زاری

IMG_1651

میں ایک صدی سے تنہا سوئی نہیں

خواب کی نیند کبھی کھوئی نہیں

یہ عجب بات ہے کہ میں روئی نہیں

اور رات ہم کروٹ کبھی ہوُئی نہیں

کیوں چاندنی ذُلف بھِگوئی نہیں

اِس راہ کہ ہمراہ میں ہوُئی نہیں

یہ سَچ ہے کوئی دِل جوئی نہیں

کیوں اُداسی جشن میں پِروئی نہیں

نظراَنداز پَل

IMG_1666

اِن وقت کے تقاضوں میں کہِیں

کھو گیا ہے پَل شاید

چُور ہے دل مجبوری سے

…جانے پھر مجبوری کیا ہے

طویل سفر کی مُسافتوں میں

بھٹک گۓ ہیں مُسافر شاید

منزل مِلے یہ ضروری تو نہیں

…جانے پھر ضروری کیا ہے

اِنتہا ہے درد اور انجان صنم

نظر انداز کرے بھی تو کیا گِلہ

مانے نہ ہَوا جب وہ اِشارے

…جانے پھر منظوُری کیا ہے

جلتی ہے یاد ہتھیلی پہ یُوں

تھک گئی ہے رقص کرتے کرتے

تھِرکیں تو ڈگمگائیں قدم

…جانے پھر کمزوری کیا ہے

قسم ہے اُس دل کی دھڑکن کی

جُدائی نے کر دیا ہے اور تنہا

رنج میں سرُور کا ہےعالم شامل

…جانے پھر زُودرنجی کیا ہے